لاہور : لاہور میں سیلابی صورتحال کے باعث 45 سکولوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہر کے باقی تمام سکول یکم ستمبر 2025 سے معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں موجود 33 سرکاری اور 12 نجی سکولوں کو فی الحال بند رکھا جائے گا کیونکہ انہیں ریلیف کیمپس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں جن سرکاری سکولوں کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ، مراکہ، مانگا، چوہنگ، شاداب کالونی، سگیاں، تاڑ گڑھ شاہدرہ، بند روڈ شفیق آباد، پری محل شاہدرہ، نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، گاؤشالا، رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ، موہلنوال، ملتان روڈ اور مانوال کے علاقے شامل ہیں۔
جبکہ بند رہنے والے نجی تعلیمی اداروں میں قلعہ تراڑ، مصطفیٰ آباد، ملک پارک، عزیز کالونی، مانگا ہیڑ، جھگیاں باجا، برٹس، ہیون، سٹار اور چلڈرن پیراڈائز سکولز شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان سکولوں کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک متاثرہ علاقوں میں صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آ جاتی۔
والدین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور ضلعی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔