Get Alerts

اس وقت سب سے بڑا مقصد لوگوں کی جانیں بچانا ہے، مریم اورنگزیب

اس وقت سب سے بڑا مقصد لوگوں کی جانیں بچانا ہے، مریم اورنگزیب

لاہور :  پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ متوقع اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس وقت سب سے بڑا مقصد لوگوں کی جانیں بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ساڑھے 7 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ریسکیو آپریشن ہے۔

مویشیوں کے تحفظ کے لیے بھی بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 5 لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا، 400 سے زائد وٹنری کیمپس کا قیام اور چارے کا بندوبست شامل ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ راوی، ستلج اور چناب دریاوں میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، خاص طور پر چناب میں خانکی، قادرآباد اور رواس برج پر اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تریموں برج سے 3 لاکھ 61 ہزار کیوسک، بلوکی ہیڈورکس سے 2 لاکھ 82 ہزار کیوسک اور ستلج کے گنڈاسنگھ والا مقام پر پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہے۔

صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ تحصیل اور ضلعی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کا کام جاری ہے اور متاثرہ علاقوں سے انخلاء کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ 

ٹیگز: