تیانجن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان موجود شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا، اور اس حوالے سے جاری منصوبوں کو فعال بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے چین کے شہر تیانجن میں نیشنل ارتھ کوئیک سمولیشن سنٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں قدرتی آفات سے بچاؤ، ریسکیو ٹیکنالوجیز اور جدید میڈیکل ریسکیو گاڑیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے چائنا-پاکستان جوائنٹ لیب، انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر اور فرینڈشپ ہسپتال جیسے کئی منصوبے پہلے ہی قائم ہیں جبکہ مزید منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے چین کی جدید ٹیکنالوجی اور تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مہارت سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے اور ان تجربات کو پاکستان میں نافذ کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں زلزلوں، سیلابوں اور دیگر آفات کے مقابلے میں بہتر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور نارووال، سیالکوٹ، وزیرآباد، حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے، جو کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون رکھا جائے اور سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔