Get Alerts

چین آج دنیا کی بڑی معاشی اور عسکری طاقت ہے جس پر پاکستان کو بہت فخر ہے،شہبازشریف

چین آج دنیا کی بڑی معاشی اور عسکری طاقت ہے جس پر پاکستان کو بہت فخر ہے،شہبازشریف

تیانجن : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کے دوران تیانجن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں موجود پاکستانی طلبہ، فیکلٹی ارکان اور انتظامیہ سے خطاب کیا۔ اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے گہرے، دیرینہ اور قابلِ فخر تعلقات کو اجاگر کیا اور تعلیمی میدان میں تعاون کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی نئی بنیاد قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اور پاک چین دوستی اتنی ہی قدیم ہے جتنی کہ شاہراہِ ریشم۔ انہوں نے کہا کہ "شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی علامت ہے، اور ہماری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔"

شہباز شریف نے تیانجن یونیورسٹی کو "علم و دانش کی بہترین درسگاہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے فارغ التحصیل سائنسدانوں اور مفکرین نے چین کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 200 سے زائد پاکستانی طلبہ تیانجن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ یہاں سے جدید تعلیم اور مہارت حاصل کر کے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے پاکستانی طلبہ کو "پاکستان کے سفیر" قرار دیا اور کہا کہ "یہ نوجوان ہی پاک چین دوستی کی مشعل کے نئے علمبردار ہیں۔"

انہوں نے چین کی ترقی کو دنیا کے لیے ایک ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ "چین نے 8 کروڑ سے زائد افراد کو غربت سے نکالا، جو بلاشبہ دنیا کی معاشی تاریخ کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ صدر شی جن پنگ کا مشترکہ خوشحالی کا وژن دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور یہی وژن ہماری حکومت کی بھی رہنمائی کر رہا ہے۔"

وزیراعظم نے کہا کہ آج 30 ہزار پاکستانی طلبہ چین میں زیر تعلیم ہیں، جو جدید تحقیق، فنی تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی اور چینی جامعات کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان ترقی کر سکے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو تیانجن یونیورسٹی کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی چین کی قدیم درسگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور انجینئرنگ، سائنس، قانون، مینجمنٹ، آرٹس اور طب جیسے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ یونیورسٹی پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کے تعاون سے پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی اور زراعت جیسے شعبوں میں تربیت دینے کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام پاک چین اقتصادی تعاون کو عوامی سطح تک لے جانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

اختتام پر وزیراعظم نے کہا:"آئیں، پاک چین دوستی کی اس مشعل کو نئی نسل کے سپرد کریں اور ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں۔"

ٹیگز: