اسلام آباد(جاوید بلوچ)مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے پہلے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں تینوں ممالک نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں مکہ معاہدے کے تحت مستقل سیکریٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی سیکریٹری جنرل مکہ معاہدے کے سیکریٹریٹ کی ابتدائی سربراہی کریں گے، جبکہ سیکریٹری جنرل کی مدتِ کار تین سال مقرر کی گئی ہے۔
تینوں ممالک نے مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اجلاس میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔