مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما کو پارٹی چھوڑنے کا کہا گیا، ایاز صادق

مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما کو پارٹی چھوڑنے کا کہا گیا، ایاز صادق
کیپشن: مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما کو پارٹی چھوڑنے کا کہا گیا، ایاز صادق
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی نواز شریف کو چھوڑنے کا بھی کہا گیا ہے اور وقت آنے پر دباو ڈالنے والوں کا نام سامنے لایا جائے گا اور اس حوالے سے لیڈر شپ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 

لیگی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں اس وقت کا نام جانتا ہوں جس نے ہمارے ایک اور اہم رہنما کو پارٹی اور نواز شریف کو چھوڑنے کے بارے میں کہا گیا لیکن موجودہ صورتحال میں اس طرح کے ہتکھنڈے کسی طرح بھی مسلم لیگ (ن) کے خلاف کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایاز صادق نے کہا خواجہ آصف نے نواز شریف اور پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے کہا میں مسلم لیگ (ن) کو نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ میری زندگی کی دہائیاں ایک ہی جماعت میں گزر چکی ہیں اور اس کو کسی حال میں بھی نہیں چھوڑوں گا۔ شیخ رشید کے بارے میں ایاز صادق نے کہا ان کو جس نے بھی وفاقی وزیر داخلہ بنایا ہے اس کی عقل کو سلام ہے۔ 

خیال رہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد مریم نواز نے میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا چند روز قبل خواجہ آصف نے مجھے بتایا تھا کہ کسی نے ان کو اپنے پاس بلایا اور کہا کہ آپ نواز شریف کو چھوڑ دیں تو آپ کے سارے کیس چند دنوں میں ختم ہو جائیں گے لیکن خواجہ آصف نے کہا کہ  نواز شریف کے ساتھ  میرے بال سفید ہوگئے ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں جبکہ ان کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ  خواجہ آصف نے یہ بتایا تھا کہ اس شخص نے انہیں کہا کہ اگر آپ نہیں مانیں گے  تو پھر آپ اس کے نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں جس پر انہوں نے کہا کہ آپ جو بھی کر لیں میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور  اب ان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ مریم نواز نے کہا جس شخص نے یہ سب کچھ خواجہ آصف کو کہا ہے ابھی اس کا نام نہیں لے سکتی لیکن مناسب وقت آنے پر اس کو بے نقاب کیا جائے گا۔