ڈھاکہ :بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ پارلیمنٹ کمپلیکس کے سامنے ادا کی گئی، جس میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس، مقامی سیاسی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے ایاز صادق سے آگے بڑھ کر مصافحہ کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار مسکراہٹوں اور دوستانہ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب دونوں ممالک کے وفود خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان سے تعزیت کر رہے تھے۔ رواں سال مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے رہنما ایک دوسرے کے سامنے آئے، جبکہ اس کشیدگی کا اثر کھیلوں کے میدان میں بھی دیکھا گیا تھا، جب ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔