حماد اظہر الیکشن سے دستبردار، سپریم کورٹ سے اپیل واپس لے لی

 حماد اظہر الیکشن سے دستبردار، سپریم کورٹ سے اپیل واپس لے لی

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر الیکشن سے دستبردار ہو گئے ساتھ ہی سپریم کورٹ سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی اپیل  بھی واپس لے لی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کے زیر صدارت بینچ نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران حماد اظہر کے معاون وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حماد اظہر اب اپیل کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس منصور علی شاہ  نے عدالت میں ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں 62 ون ایف کا حوالہ کیوں دیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح ہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ازخود نہیں ہوتا۔

حماد اظہر کے  وکیل آفتاب یاسر  نے عدالت میں کہا کہ اشتہاری کی اہلیت کے حوالے سے آپ کا فیصلہ بھی آ چکا ہے۔ جس پر نے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اپیل واپس لینے کی وجہ سے حماد اظہر کو فیصلے کا فائدہ نہیں ہوگا، جسٹس جمال مندوخیل  نے کہا کہ لگتا ہے حماد اظہر سرینڈر نہیں کرنا چاہتے۔ 

عدالت کے استفسار پٌر  وکیل آفتاب عالم یاسر  نے کہا کہ سرینڈر کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ حماد اظہر این اے 129 سے آزاد امیدوار تھے لیکن اب الیکشن سے دستبردار ہو نے کا فیصلہ کیا ہے۔ 


یاد رہے کہ حماد اظہر لاہور کے حلقہ این اے 129 سے آزاد امیدوار تھے۔ ان کے والد  پی ٹی آئی ٹکٹ پر بھی اسی حلقے سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں