لاہور : لاہور ہائیکورٹ میں مستقل تعینات ہونے والے 11 ججوں کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں عدلیہ کے اعلیٰ حکام اور وکلاء نے شرکت کی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، جسٹس عالیہ نیلم نے مستقل ہونے والے 11 ججوں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد چیف جسٹس نے ججوں سے ان کے فرائضِ منصبی کا حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے ججوں میں جسٹس شکیل احمد، جسٹس صفدر سلیم شاہد، جسٹس احمد ندیم ارشد، جسٹس طارق ندیم، جسٹس امجد رفیق، جسٹس عابد حسین چٹھہ، جسٹس انوار حسین، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس سلطان تنویر احمد، جسٹس محمد رضا قریشی اور جسٹس راحیل کامران شامل ہیں۔
حلف برداری کی اس تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے دیگر معزز ججز، رجسٹرار، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، بار کونسل کے نمائندوں اور سینئر وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مستقل ہونے والے ججز کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی مستقل تعیناتی سے زیرِ التواء مقدمات کے جلد فیصلے میں مدد ملے گی۔