Get Alerts

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: سلمان علی آغا کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کا آسٹریلیا کو 199 رنز کا بڑا ہدف

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: سلمان علی آغا کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کا آسٹریلیا کو 199 رنز کا بڑا ہدف

لاہور : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جا رہی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے مقابلے میں گرین شرٹس نے کینگروز کو جیت کے لیے 199 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
    سلمان علی آغا  نے  ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صائم ایوب 23، صاحبزادہ فرحان 5 اور اسٹار بلے باز بابر اعظم صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک وقت میں پاکستان کے 3 کھلاڑی صرف 89 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے، تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے اسکورنگ ریٹ برقرار رکھا۔
پاکستان نے دوسرے میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں تین اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو اس میچ میں آرام دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔ اگر پاکستان یہ میچ جیت لیتا ہے تو سیریز جیت جائے گا۔

ٹیگز: