پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے اپنے خلاف درج پچاس سے زائد مقدمات میں گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حماد اظہر نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد مکمل حکمت عملی ترتیب دی ہے، جس کے تحت وہ پہلے مرحلے میں پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے تاکہ انہیں فوری گرفتاری سے تحفظ مل سکے۔ بعد ازاں وہ متعلقہ عدالتوں سے عبوری اور مستقل ضمانت کے لیے رجوع کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حماد اظہر کی قانونی ٹیم نے لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں درج تمام مقدمات کا ریکارڈ جمع کر لیا ہے۔ ان مقدمات میں سے کئی کا تعلق 9 مئی 2023 کے واقعات سے ہے، جن میں حماد اظہر کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور وہ پولیس کو مطلوب ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق، حماد اظہر جلد ہی پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، جہاں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماوں کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، اور پارٹی قیادت کو قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔