Get Alerts

طاقتور طبقے کے قبضے سے عوام میں غم و غصہ جنم لیتا ہے: حافظ نعیم الرحمان

طاقتور طبقے کے قبضے سے عوام میں غم و غصہ جنم لیتا ہے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکمران طبقے پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سازشوں میں ملوث ہیں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مل کر ملک کا وسائل لوٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب طاقتور طبقہ وسائل پر قبضہ کرے گا تو عوام میں غصہ اور بےچینی ہونا فطری ہے۔

دھرنے کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے لوگ بلوچ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پورا پاکستان بلوچستان کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر قوم کے حقوق کا دفاع کرتی ہے اور حکومتوں کی غیرشفاف پالیسیوں پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام انصاف اور عدل کے لیے ہوا تھا، اور اگر پولیس کو راستے سے ہٹانا پڑے تو یہ ہمارے لیے مسئلہ نہیں، لیکن ہم لڑائی کے بجائے مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بلوچستان کے مسائل پر آج سے کمیٹی کام شروع نہ کرے تو وہ لانگ مارچ کا اعلان کریں گے اور پھر دیکھیں گے کون ان کا راستہ روک سکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بلوچ اور پشتون قوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کے زخموں پر مرہم رکھا جائے اور لاپتا نوجوانوں کے حوالے سے حکومت شفاف ثبوت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا نوجوانوں کا معاملہ ناقابل قبول ہے اور اگر کوئی ملزم ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام تراشی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستیں اس طرح نہیں چلتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قدرتی وسائل پر مقامی لوگوں کو پہلا حق دیا جائے اور تمام قوموں کے حقوق کا احترام کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق دیے جائیں تاکہ ملک میں امن اور ترقی ممکن ہو سکے۔
 

ٹیگز: