بیجنگ: ایک چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے جدید فیچرز سے لیس دنیا کے پہلے "روبوٹ فون" کی رونمائی کا اعلان کر دیا ہے، جسے 12 اگست کو چین میں باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسمارٹ فون کی سب سے منفرد خوبی اس کا متحرک روبوٹک کیمرہ سسٹم ہے۔ روایتی موبائل فونز کے برعکس اس کا کیمرہ ایک ہی جگہ فکس نہیں رہے گا بلکہ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران مختلف سمتوں میں خود حرکت کرنے کی صلاحیت رکھے گا، جس سے صارفین کو پروفیشنل کیمروں جیسا تجربہ حاصل ہوگا۔
فون کے اوپری حصے میں نصب کیمرہ ماڈیول ضرورت پڑنے پر خود بخود باہر آئے گا اور مختلف زاویوں پر گھوم سکے گا۔ اس میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو ویڈیو بناتے وقت کسی بھی شخص یا حرکت کرتی ہوئی شے کو خودکار انداز میں فالو کرے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر صارف چلتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرے تو کیمرہ اس کی نقل و حرکت کے مطابق اپنی پوزیشن تبدیل کرتا رہے گا، جس سے ریکارڈنگ زیادہ مستحکم، ہموار اور سنیما معیار کی محسوس ہوگی۔
کیمرہ سسٹم میں تین ریئر کیمرے شامل ہوں گے، جن میں مرکزی سینسر 200 میگا پکسلز کا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق طاقتور مین کیمرہ نہ صرف انتہائی واضح اور ہائی ریزولوشن تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ دور موجود مناظر اور اشیا کو بھی غیر معمولی وضاحت کے ساتھ محفوظ کر سکے گا۔