روس نے برطانیہ کے مزید پچاس سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا

روس نے برطانیہ کے مزید پچاس سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا
کیپشن: Russia and England envoys

ماسکو : برطانیہ میں ایک سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو زہر دیے جانے کے بعد روس اور برطانیہ کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں اور ہفتے کو ماسکو نے روس میں 50 مزید برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔برطانیہ کی جانب سے روس کے 23 سفارتکاروں کو ملک بدر کیے جانے کے بعد روس نے بھی 23 برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔

تاہم اب روس کا اصرار ہے کہ مزید 50 برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔روس کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور روس کے ایک دوسرے کے ملک میں سفارتکاروں کی تعداد یکساں ہونی چاہیے,سفارتکاروں کی یکساں تعداد کا مطلب ہے کہ کم از کم 27 مزید برطانوی سفارتکاروں کو ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔

برطانیہ کے علاقے سیلیسبری میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو زہر دیا گیا تھا جس کا الزام برطانیہ نے روس پر لگایا تھا۔ تاہم روس اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے۔

جمعہ کے روز ماسکو میں برطانوی سفیر لوری برسٹو کو مطلع کیا گیا کہ برطانیہ کے پاس ایک ماہ ہے جس میں برطانوی سفارتکاروں کی تعداد برطانیہ میں روسی سفارتکاروں کی تعداد کے برابر کریں۔