ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور اہلخانہ کے خلاف دومقدمات درج کرلئے

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور اہلخانہ کے خلاف دومقدمات درج کرلئے
سورس: file photo

لاہور،وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نےجہانگیر ترین اور خاندان کے دیگر افراد کے خلاف اربوں روپے کے فراڈ پر دومقدمات درج کرلئے ۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین ان کے بیٹے علی ترین دوبیٹیوں داماد اور فیملی کے دیگر افراد پر سوا تین ارب روپے کے مالیاتی فراڈ پر  2 مقدمات درج کرلیے۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے اپنے داماد کی کاغذ بنانے والی بند فیکٹری فاروقی پلپ کمپنی کے اکاؤنٹ میں جی ڈی ڈبلیو کمپنی سے سوا تین ارب منتقل کئے، بند فیکٹری میں منتقل ہونے والی رقم بعد ازاں فیملی ممبران کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوئیاس طرح بند فیکٹری میں پیسے لگا کر 3 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق جہانگیر ترین اور اہلخانہ نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدے اور رقم بیرون ملک منتقل کی جس پر جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے خلاف ایف آئی اے نے دو مقدمات درج کر لیے۔

جہانگیر ترین کا داماد گودے کے درخت سے کاغذ بناتا تھا۔ جہانگیر ترین کی فیکٹری میں 26 فیصد پبلک شیئر ہولڈرز ہیں۔

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے دست راست سابق سیکرٹری زراعت رانا نسیم کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ رانا نسیم بطور چیف فنانشل افسر جہانگیر ترین کی کمپنی میں کام کر رہا ہے اور گنے کی خریداری میں غبن کرتا تھا۔

دوسری طرف جہانگیر ترین نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو تمام کاغذات مہیا کرچکا ہوں، جو رقم بیرون ملک منتقل کی گئی ہے اس پر ٹیکس ادا کیا گیا ہے اور بینک کے ذریعے بھیجی گئی ہے، جو کاروبار کرتے ہیں اس کی مکمل منی ٹریل موجود ہے، میرے بچوں اور مجھ پر غلط ایف آئی اے درج کی گئی ہے، مجھ پر الزامات بےبنیاد ہیں۔