ننکانہ صاحب : یومِ پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ 'پانچواں ساندل بار سپورٹس میلہ' جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ 6 کلومیٹر کی مرکزی تیز رفتار دوڑ میں پاک آرمی کے محمد اختر نے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اور ایک لاکھ روپے کا انعام جیت لیا۔ جھنگ کے محمد سلیم دوسرے اور قصور کے زین علی تیسرے نمبر پر رہے۔
دیگر مقابلوں میں شاہ کوٹ کے ثقلین شاہد مڈ ریس کے فاتح قرار پائے، جبکہ گرلز ریس میں اقصیٰ اللہ دتہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سینئر کیٹیگری میں محمد عرفان اور طارق جاوید نمایاں رہے۔ ایونٹ کے آرگنائزر نذیر حسین گجر نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میلے کا مقصد مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر سامنے لانا ہے۔