لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیاہ بادلوں کے راج اور اچانک شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں شہر کا موسم خوشگوار بنا دیا ہے، وہیں کرکٹ کے میدانوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ بارش کے باعث پی ایس ایل (PSL) کے آج کے اہم میچز اور ٹیموں کے پریکٹس سیشنز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
قذافی سٹیڈیم میں بارش شروع ہوتے ہی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پچ کو کورز سے ڈھانپ دیا ہے۔ ایل سی سی اے (LCCA) گراؤنڈ میں حیدرآباد کنگزمین اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پریکٹس میں مصروف تھیں کہ تیز بارش کے باعث سیشن روکنا پڑا اور گراؤنڈ سے نیٹس ہٹا کر کورز ڈال دیے گئے۔
بارش کے موجودہ سلسلے کے باعث پشاور اور حیدرآباد کے ساتھ ساتھ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے میچز کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف میں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کا امکان ہے۔