اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی مستحکم ہے اور عوام، بالخصوص کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطے کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک میں توانائی کے ذخائر اور سپلائی چین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کی پیشگی منصوبہ بندی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں ہے اور ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں۔
وزیراعظم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قومی سطح پر توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کم آمدنی والے افراد پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور ریلیف پیکجز کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کو حکم دیا گیا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔