کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سرہ غڑگئی میں ہونے والے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت تاحال معلوم نہیں ہو سکی، اور حتمی تفصیلات بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔