کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مامیا شاہ جعفر نے اپنی زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک سنگین بیماری کا شکار رہی ہیں، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک علاج معالجے سے گزرنا پڑا اور ان کی پیشہ ورانہ مصروفیات بھی متاثر ہوئیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل کی عید اسپیشل نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’لوو دی سوں‘ کی تیاری اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں کا ذکر کیا۔ اداکارہ کے مطابق اس فلم کی تکمیل میں تقریباً تین سال کا عرصہ لگا، کیونکہ ایک طرف وہ مختلف پراجیکٹس میں مصروف تھیں جبکہ دوسری جانب صحت کے مسائل بھی ان کی پیش رفت میں رکاوٹ بنے رہے۔
مامیا شاہ جعفر نے بتایا کہ اس دوران ان کی طبی حالت کافی خراب ہوگئی تھی اور انہیں باقاعدہ علاج کروانا پڑا۔ ان کے مطابق انہیں ایسی ادویات دی گئیں جو کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی دواؤں سے مشابہت رکھتی تھیں، جس کے باعث یہ وقت ان کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر نہایت مشکل ثابت ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکمل صحتیابی میں تقریباً آٹھ ماہ کا عرصہ لگا، جس دوران وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں اور علاج کے تمام مراحل پر سختی سے عمل کرتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور دوبارہ اپنے کاموں میں بھرپور انداز میں مصروف ہو چکی ہیں۔
اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے صحت کے مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طبی مشورہ اور بروقت علاج انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بروقت علاج ہی بہتر صحت یابی کی ضمانت دیتا ہے۔
مامیا شاہ جعفر کے اس انکشاف کے بعد مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے ان کی ہمت اور حوصلے کو سراہا جا رہا ہے اور ان کی مکمل صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔