اسلام آباد: سپیشل سیکرٹری دفترخارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پرامن اور ملکی سلامتی کیلئے ہے البتہ بین الاقوامی ایٹمی طاقتوں سے نمٹنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررکھے ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے اور بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے‘ پاکستان نے جوہری تجربوں‘ عدم پھیلاؤ کے لئے بھارت سے دو طرفہ معاہدے کی پیش کش کی‘ معاشی ‘ پرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی بھی ضروری ہے‘ جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ دنیا کے لئے اہم مسئلہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ، سپیشل سیکرٹری تسنیم اسلم نے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کا پھیلاؤ دنیا کے لئے اہم مسئلہ ہے۔ معاشی ترقی‘ پرامن مقاصد کے لئے جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی بھی ضروری ہے۔ پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے تمام حفاظتی طریقہ کار کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان پرامن ملک ہے اور بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔پاکستان بھارت کے جوہری ہتھیاروں کے تجربے کے بعد جوہری قوت بننے پر مجبور ہوا۔
انہوں نے کہا کہ این ایس جی گروپ کے ذریعے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ این ایس جی کی رکنیت بلا امتیاز اور میرٹ پر ہونی چاہئے۔ پاکستان ذمہ داری کے ساتھ جوہری حفاظتی طریقہ کار پر عمل کررہا ہے۔ تسنیم اسلم نے کہا پاکستان بین الاقوامی معاہدوں اور شرائط پر فعالیت سے عمل درآمد کررہا ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی ایٹمی دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق تمام انتظامات کررکھے ہیں۔