یوٹیوب نے مولانا طارق جمیل کو بڑے اعزاز سے نواز دیا

یوٹیوب نے مولانا طارق جمیل کو بڑے اعزاز سے نواز دیا
کیپشن: فائل فوٹو

 اسلام آباد : دنیا کی مقبول ترین ویڈیو اسٹریمنگ و شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا طارق جمیل کو منفرد اعزاز سے نواز دیا۔

مولانا طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اور عالم دین ہیں اور دنیا بھر میں وہ دین کی دعوت و تبلیغ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ان کی انہی تبلیغ کی کوششوں کے باعث کئی گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

جہاں معروف عالم دین کی کاوشوں کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے وہیں اب سرچ انجن گوگل کی ذیلی کمپنی یوٹیوب نے بھی ان کی خدمات کو تسلیم کرلیا اور انہیں یوٹیوب کے مخصوص ’گولڈن پلے بٹن‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے یہ بٹن ان کی ویب سائٹ پر موجود ’طارق جمیل آفیشل‘ چینل پر ایک ملین (10 لاکھ) سے زائد سبسکرائبر ہونے کے اعزاز میں دیا گیا ہے جبکہ اس وقت چینل پر سبسکرائبر کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے۔

ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے کسی چینل کو اس بٹن سے نوازنا ایک انعام کے ساتھ ساتھ اس بات کا اعتراف بھی ہوتا ہے کہ اسے سب سے زیادہ مشہور چینلز میں شامل کیا گیا ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے بھیجے گئے اس گولڈن اعزازی بٹن پر مولانا طارق جمیل کے چینل ’طارق جمیل آفیشل‘ کا نام تحریر ہے۔