حالات کا تقاضا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ بنیاد پر منعقد کیا جائے،شہبازشریف

حالات کا تقاضا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ بنیاد پر منعقد کیا جائے،شہبازشریف


لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ بنیاد پر منعقد کیا جائے۔

انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور صوبوں کو حفاظتی لباس، دیگر ضروری سامان کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ دو دن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ شدید پریشانی کا باعث ہے ،کورونا مریضوں کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں میں تبدیل ہونا سنگین صورتحال کا اعلان ہے ۔جب تک حکومت کورونا کے ''ٹرینڈ'' کو سمجھے گی، بہت دیر ہوچکی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو نظرانداز کیاجانا مجرمانہ عمل اور بے حسی کی انتہاء ہے ۔صوبوں کووسائل کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار پر تاحال وضاحت نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فروری میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں نے حفاظتی لباس مانگا تھا لیکن وزیراعظم نے انکار کردیا ،افسوس وزیراعظم اور ان کی ٹیم اب تک یہ بنیادی کام بھی نہیں کرپائی ۔

انہوں نے کہا کہ فروری میں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت کو 2.5 ارب روپے مل جاتے تو حالات آج اتنے خراب نہ ہوتے ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ صوبے دہائی دیتے رہ گئے، وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے ضروری اشیاء کی منظوری نہ دے کر مجرمانہ غفلت کی جبکہ لاک ڈاؤن اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے