Get Alerts

نئے صوبوں کا قیام انتظامی ضرورت ہے، پاکستان سب کا ہے: خالد مقبول صدیقی

نئے صوبوں کا قیام انتظامی ضرورت ہے، پاکستان سب کا ہے: خالد مقبول صدیقی

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور چاروں صوبے ملک کا حصہ ہیں، جبکہ تمام صوبوں میں رہنے والے شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور ملکی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سب سے پہلے نئے صوبوں کے قیام کے لیے آواز بلند کی، جبکہ صوبوں کی تقسیم کا تقاضا آئین پاکستان کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں سے متعلق ایم کیو ایم کا بل اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجا جا چکا ہے اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنائے جائیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچیں۔ انہوں نے ملک میں کرپشن کو معیشت کا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب بڑے اور بنیادی اصلاحاتی اقدامات کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے اور دنیا میں اہم مقام حاصل ہو رہا ہے اور اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا موقع موجود ہے۔

ٹیگز: