اسلام آباد:ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے معرکہ حق میں پاک فوج کی بھارت پر فتح کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ جیتنے کے بعد پاکستان کو اہم برتری حاصل ہو گئی۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم گڈ گورننس اور صوبوں میں بہتر ہم آہنگی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ایم کیو ایم نے خود حکومت سے رابطہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی۔
رہنما نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے عوام اور مختلف حلقے ترمیم کے حوالے سے رابطے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی حکومت کا تحفظ آئین کرے اور سپریم کورٹ نگرانی کرے۔ ایم کیو ایم ملک میں بلدیاتی نظام سمیت دیگر اہم اقدامات پر عمل درآمد کی بھی خواہاں ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کو آئین کے تحت حکومت سمجھا جائے اور جو بھی ناظم یا میئر منتخب ہوں، انہیں اپنا وقت مکمل طور پر گزارنا چاہیے۔