Get Alerts

آزاد کشمیر کی مہاجر نشستوں پر سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: عطا اللہ تارڑ

آزاد کشمیر کی مہاجر نشستوں پر سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہے، اور آزاد کشمیر کے جاری انتخابی عمل کے بعد حکومت بھی مسلم لیگ (ن) ہی تشکیل دے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میرپور ڈویژن سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیابی حاصل کر چکے ہیں، جبکہ پارٹی کارکنوں نے انتخابی مہم میں بھرپور محنت اور سرگرمی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور ان کے بزرگوں نے مسئلہ کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں اس مسئلے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بعض عناصر مہاجر نشستوں کے حوالے سے بے بنیاد اعتراضات اٹھا رہے ہیں، تاہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کے بقول آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں عوامی حمایت سامنے آ رہی ہے، جو پارٹی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری نظام میں ہر سیاسی جماعت کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کے میدان میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی ثانی نہیں، اور نہ ہی کسی دوسری جماعت کے منشور میں عوامی خدمت کے حوالے سے ایسا واضح وژن موجود ہے۔

ٹیگز: