Get Alerts

آزاد کشمیر میں انتخابات روکنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: رانا ثنا اللہ

آزاد کشمیر میں انتخابات روکنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کا مقصد عام انتخابات کے عمل کو متاثر کرنا ہے، تاہم کسی بھی غیر قانونی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دھرنوں، جتھوں اور لشکر کشی کے ذریعے مطالبات منوانے کا راستہ درست نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی جتھے کا غیر قانونی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا اور معاملات آئین و قانون کے مطابق حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کو مظفرآباد پر چڑھائی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آزاد کشمیر اسمبلی کو ہی مہاجرین کی نشستوں سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جبکہ سیاسی تبدیلی کا راستہ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں سے ہو کر گزرتا ہے، نہ کہ احتجاجی دباؤ یا غیر آئینی طریقوں سے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت جمہوری عمل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔

ٹیگز: