پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی یوٹیلٹی اسٹورز کو ختم کرنے کی تجویز

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی یوٹیلٹی اسٹورز کو ختم کرنے کی تجویز
کیپشن: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی یوٹیلٹی اسٹورز کو ختم کرنے کی تجویز

اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کو مکمل طور ختم کرنے کی تجویز دے دی۔ 

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس رانا تنویر کی زیر صدارت ہوا، جس میں انکشاف ہوا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر غیرمعیاری اشیا فروخت نہ کرنے کی رپورٹ دے کر گھٹیا اشیا فروخت کی گئیں۔ یوٹیلٹی اسٹورز نے غیرمعیاری اشیا کو فروخت نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرائی تھی۔ جس پر چئیرمین کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز نے ارکان پارلیمنٹ اور عوام کو بیوقوف بنا رکھا ہے۔

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر دنیا کا سب سے غیرمعیاری گھی فروخت ہو رہا ہے اور یوٹیلٹی سٹورز اشیا کی خرید و فروخت میں اربوں روپے کی کرپشن کر رہی ہے جبکہ کورونا فنڈز میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 50 ارب میں 10 ارب جاری کیے گئے اور سیکرٹری وزارت خزانہ ایسا نااہل آدمی اس کو کچھ معلوم ہی نہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ غیرمعیاری اشیا کی فروخت کا کام سیکرٹری صنعت وپیداوار کی ناک تلے ہو رہا ہے، ملک کی ناکامی کی وجہ بیوروکریسی ہے اور بیوروکریسی نے ملک کا بیڑا غرق کیا، سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوار کو کرپشن کے پیسے ملتے ہیں جبکہ نیب نے میرے، میری بیوی اور بچوں کے فارن ٹرپس کا بھی حساب مانگا اور ایف آئی اے میں یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات تاحال یونہی پڑی ہے۔

کمیٹی رکن نورعالم نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیائے خوردونوش پکانے سے بھی نہیں پکتی اور اس ملک میں سول، ملٹری اور ججز کا کوئی احتساب نہیں ہے، عدالتوں میں دہائیوں سال پہلے کے کیسز بغیر کارروائی کے پڑے ہیں۔

اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کو مکمل طور ختم کرنے کی تجویز دے دی، جب کہ ایف آئی اے سے یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات کی رپورٹ 10 دنوں میں طلب کر لی گئی۔

اجلاس میں فرنیچر پاکستان کمپنی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ چئیرمین نیب گزشتہ اجلاس میں پیش نہیں ہوئے، ڈی جی نیب نے پی اے سی سے جھوٹ بولا، اور کہا چئیرمین نیب لاہور میں لاپتہ افراد کا کیس سن رہے ہیں، جب کہ میری معلومات کے مطابق وہ لاہور میں ہی تھے لیکن کچھ اور کر رہے تھے، ہمیں چاہئیے تھا کہ ڈی جی نیب سے تحریری حلف لے لیتے۔

چیئرمین کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار حکام سے پوچھا کہ فرنیچر پاکستان کمپنی کا اب کیا بنا؟۔ حکام نے بتایا کہ اس کمپنی کو ضم کردیا گیا۔ رانا تنویر نے کہا کہ نیب والے تو اونچے بندے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ایف آئی اے حکام سے سوال کیا کہ کب تک ملوث لوگوں کو گرفتار کریں گے؟، آپ کو نہیں پتہ تو آگلی دفعہ ڈی جی ایف آئی کو بلالیں گے۔  ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتہ ملوث افراد کی گرفتار کرلیا جائے گا۔