Get Alerts

تلہ گنگ سے گرفتار افغان شہری نے  دہشت گرد نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ  دیا

تلہ گنگ سے گرفتار افغان شہری نے  دہشت گرد نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ  دیا

راولپنڈی : تلہ گنگ میں سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے مبیّنہ اعترافی بیان نے پاکستان میں سرگرم افغان دہشت گرد نیٹ ورک کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ گرفتار شخص نے اپنا نام قاسم عرف حسن اور والد کا نام لال خان بتایا ہے۔ اس کا تعلق دلوذی قبیلے اور افغانستان کے علاقے گردیز ولایت سے ہے۔

گرفتار ملزم کے مطابق وہ تقریباً 10 سال قبل اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ افغانستان سے پاکستان کے ضلع لکی مروت منتقل ہوا، جہاں وہ پلا بڑھا اور مقامی لوگوں کے ساتھ قریبی تعلقات بھی قائم ہوئے۔

مبینہ بیان میں ملزم نے دعویٰ کیا کہ 2025 میں سرہ درگہ کے علاقے میں طالبان کمانڈر ارمانی سے اس کی ملاقات ہوئی، جس نے اسے "جہاد" کی دعوت دی۔ اس کے بعد وہ تنظیم میں شامل ہو گیا اور تقریباً 20 دن تک تنظیم کے کیمپ میں رہا۔

گرفتار افغان شہری کے مطابق، کمانڈر ارمانی نے اسے فدائی حملہ کرنے کا حکم دیا اور اپنے ساتھی فاروق کے ہمراہ تاجوڑی میں فوجی قلعے کی ریکی بھی کروائی گئی، تاہم موقع نہ ملنے پر حملہ نہ ہو سکا۔

بعد ازاں، ملزم کے بقول، اسے تنظیم کے لیے نئے افراد بھرتی کرنے کا ٹاسک دیا گیا، جس کے عوض اسے فی شخص 10 ہزار روپے ملتے تھے۔ اس نے پانچ افراد کمانڈر ارمانی کے حوالے کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

گرفتار شخص نے اعتراف کیا کہ وہ ستمبر میں پنجاب نئے افراد بھرتی کرنے کی غرض سے گیا، جہاں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم کی اعترافی ویڈیو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان کی سرزمین کے استعمال کے بارے میں مزید شواہد فراہم کرتی ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان پہلے بھی کئی بار عالمی برادری کے سامنے اس نوعیت کے شواہد پیش کر چکا ہے۔

ٹیگز: