لاہور : سولر پینلز کے صارفین کے لیے خوشخبری ہے، کیونکہ 5 سے 15 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی ہے۔ لاہور میں مارکیٹ میں 5 کلوواٹ سسٹم کی قیمت اب 5 لاکھ 50 ہزار روپے، 7 کلوواٹ سسٹم 6 لاکھ 25 ہزار روپے، 10 کلوواٹ سسٹم 9 لاکھ روپے، 12 کلوواٹ سسٹم 10 لاکھ 50 ہزار روپے، اور 15 کلوواٹ سسٹم 13 لاکھ روپے پر دستیاب ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ کمی ڈیڑھ لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جس سے سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے خریداری آسان ہو گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سولر سسٹمز پر نافذ 16 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ سولر صارفین کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست منظور ہونے کے بعد کیا گیا۔
صدر مملکت نے سولر جی ایس ٹی سے متعلق اپیل منظور کرتے ہوئے کیس کو دوبارہ سماعت کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس بھیج دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ معاملے کی نئے سرے سے تفصیلی جانچ کی جائے۔