مجھے انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے, نواز شریف

مجھے انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے, نواز شریف

کراچی : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے،میرا بہت سا وقت عدالت میں گزرجاتا ہے۔ پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی، انصاف کا بول بالا اور ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، کراچی اور سندھ کو بدحالی میں پہنچانے والوں کو ووٹ دینے کی ذمہ دار عوام خود ہوگی۔
کراچی میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے مجھے وزارت عظمیٰ سے نکال دیا، آج تک پتہ نہیں چلا کہ مجھے کیوں نکالا، اب مجھے الیکشن سے دور رکھنے کی ترکیبیں سوچی جارہی ہیں، مجھے نکالنے کے بعد اس پر غور کیا جارہا ہے کہ نااہلی 5 سال کیلئے ہونی چاہیے یا زندگی بھر کیلئے،اس پر غور کیا جارہا ہے کہ نواز شریف کو 2018 کے الیکشن سے دور رکھا جائے یا پھر ساری عمرکیلئے ہی انتخابی عمل سے دور رکھا جائے، میں نے آدھی سے زیادہ زندگی سیاست میں گزاری ہے، میری سیاسی سوجھ بوجھ کہتی ہے کہ اگر اقامے پر نکالا تھا تو قوم نہیں مانتی۔
نواز شریف نے کہا کہ کراچی بھی مجھے اتنا ہی عزیز ہے جس قدر لاہور یا ملک کو دوسرا شہر عزیز ہے، کراچی کو آج لاہور سے زیادہ ترقی یافتہ، پر امن اور خوبصورت ہونا چاہیے تھا لیکن لاہور کراچی والوں سے بازی لے گیا، آج جو کراچی ہونا چاہیے تھا وہ کہیں نظر نہیں آتا، ہم جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا کرتے ہیں، اگر ہمیں عوام نے موقع دیا تو کراچی ایسا شہر بنے گا کہ دنیا دیکھے گی اور سندھ کو بھی بدلیں گے۔خیبر پختونخوا کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہاں تبدیلی کا نعرہ لگانے والے حکومت کررہے ہیں اور ہم بجلی کے کارخانے اور موٹر وے بنارہے ہیں، تبدیلی کا نعرہ لگانے والے کہتے تھے کہ 2 ارب درخت لگائیں گے لیکن مجھے تو 200 درخت نظر نہیں آتے، ہماری بیٹی عاصمہ کی کسی نے فکر نہیں کی، اس کے قاتل نہیں پکڑے گئے۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی والے اپنے شہر اور صوبے کے چپے چپے کو دیکھیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں، کراچی اور سندھ کو بدحالی میں پہنچانے والوں کو ووٹ دینے کی ذمہ دار عوام خود ہوگی۔
اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا تو انشااللہ کراچی ایسا شہر بنے گا جسے صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا دیکھے گی۔اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہیے، ملک میں انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے اور نواجوانوں کو نوکریاں ملنی چاہیئں۔قبل ازیں نواز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ محمد زبیر نے ان کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر عابد شیر علی اور سینیٹر آصف کرمانی بھی سابق وزیراعظم کے ہمراہ کراچی پہنچے۔اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے راہنما?ں نے کہا کہ اگر انہیں 2018 میں ایک مرتبہ پھر موقع ملا تو کراچی کو لاہور سے بھی آگے لے جائیں گے۔