اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پری پول ریگنگ کے معاملے پر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہ محمد خان کو پانچ سال کے لئے نا اہل قرار دے دیا۔
نیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمد خان پولنگ اسٹیشنز پر حملوں میں ملوث تھے۔الیکشن کمیشن نے شاہ محمد خان کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کیلئے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پولیس کو کیس کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کرنے اور باقی لوگوں کو حراست میں لینے کی بھی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان پر جمعیت علمائے اسلام (ف) نے الزام عائد کیاتھا کہ انہوں نے بنوں کی تحصیل بکاخیل میں مسلح افراد کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بولا اور پولنگ مواد لے کر فرار ہوئے، اس عمل میں صوبائی وزیر، ان کے بھائی اور بیٹے براہ راست ملوث ہیں۔
یاد رہے کہ بنوں کی تحصیل بکاخیل میں انتخابات کی شام نامعلوم افراد نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو انتخابی مواد سمیت اغوا کرلیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وہاں الیکشن ملتوی کردیا تھا۔
انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر نے بتایا تھا کہ انتظامیہ نے اغوا شدہ عملے کو بازیاب کرالیا تھا لیکن ای سی پی پولنگ ملتوی کردی۔
مذکورہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کے لیے ایک 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی تھی جسے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔