اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے بسوں اور ٹرکوں کے کرایوں میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے فیول پر سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بارے میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) شزا فاطمہ نے واضح کیا ہے کہ یہ سبسڈی صرف ان گاڑیوں کو دی جائے گی جو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ہوں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سبسڈی حاصل کرنے کے لیے گاڑیوں کی ایکسائز رجسٹریشن لازمی ہے تاکہ ریلیف کا عمل شفاف اور مربوط بنایا جا سکے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ عام آدمی پر بوجھ نہ بڑھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور سپلائی چین برقرار رکھنے کے لیے فوری طور پر متبادل انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک اس وقت قیامِ امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور ملکی استحکام کے لیے امن کی کوششیں ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔