اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عالمی معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے ایک ماہ تک پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر مفت کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے لاکھوں مسافروں کو براہِ راست مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہم اعلانات کیے۔ اسلام آباد کی حدود میں چلنے والی تمام سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ میں شہری ایک ماہ تک بغیر ٹکٹ سفر کر سکیں گے۔ اس ریلیف پیکیج کے نتیجے میں آنے والا 35 کروڑ روپے کا خطیر مالی بوجھ حکومتِ پاکستان کی وزارت داخلہ خود برداشت کرے گی۔ اس فیصلے سے روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین اور عام شہریوں کو بڑی بچت ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ "موجودہ عالمی حالات اور معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر اسلام آباد کے شہریوں کو ریلیف دینا ناگزیر تھا۔ ایک ماہ کے لیے ٹرانسپورٹ مفت کرنے سے غریب اور متوسط طبقے کو بڑا سہارا ملے گا۔