الیکشن کمیشن: اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے والے اراکین کو 15 جنوری تک مہلت

Election commission of Paksitan, ECP, Assets Record
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹ کو مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 15 جنوری تک تفصیل جمع کرا دیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان یں کہا گیا ہے کہ اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی مدت 31دسمبر کو ختم ہو چکی ہے۔ اب 15 جنوری تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا دی جائیں بصورت دیگر اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت 16 جنوری کو معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین کے نام جاری کر دیئے ہیں۔ ان میں اسد عمر، نور الحق قادری، سینیٹر محمد علی سیف، مرزا محمد آفریدی، میاں رضا ربانی، مصدق ملک، عائشہ رضا فاروق، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر، کامران مائیکل، ایم این اے محمد ریاض، شیخ روحیل اصغر نے بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔

اس کے علاوہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ محسن رانجھا، علی گوہر خان، جنید انور چودھری، ایم این اے مہناز اکبر عزیز، چودھری محمود بشیر ورک، خرم دستگیر، ایم این اے علی نواز اعوان، عامر کیانی اور علی زاہد  نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔