اسلام آباد:اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ نیشنل پارک کے لیے بھی مخصوص رقبہ مختص کیا جائے گا۔ یہ فیصلے وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہر میں جدید طرز کے سیف سٹی پراجیکٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا تاکہ شہریوں کے تحفظ کو مؤثر بنایا جا سکے۔
ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کشمیر چوک پر ’’سمارٹ انڈر پاس‘‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے حتمی ڈیزائن کی منظوری دس روز کے اندر طلب کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ تمام منصوبوں پر بروقت اور شفاف عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔