Get Alerts

کرانس مونٹانا میں نئے سال کی رات خوفناک حادثہ، دھماکے سے 40 ہلاک متعدد زخمی

کرانس مونٹانا میں نئے سال کی رات خوفناک حادثہ، دھماکے سے 40 ہلاک متعدد زخمی

کرانس مونٹانا : سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریب کے دوران ایک بار میں دھماکے اور آگ لگنے سے کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو گئے، جن میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ بظاہر حادثاتی ہے اور دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔ دھماکہ یکم جنوری کی رات تقریباً 1:30 بجے “لے کانسٹیلیشن” نامی بار میں ہوا، جہاں لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔

استغاثہ کی نمائندہ بیٹریس پیلود نے بتایا کہ فی الحال واقعے کو حملہ قرار نہیں دیا جا رہا، لیکن مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ فرانزک ٹیمیں متاثرین کی شناخت کر رہی ہیں تاکہ لواحقین کو جلد اطلاع دی جا سکے۔

والیس کینٹن کے سیکیورٹی سربراہ اسٹیفن گانزر کے مطابق ہلاک شدگان میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ پولیس نے زخمیوں کو سیون، لوزان، جنیوا اور زیورخ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا اور ہیلپ لائن قائم کی ہے۔

حادثے کے بعد پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا اور فضائی حدود میں نو فلائی زون نافذ کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں 10 ہیلی کاپٹر اور 40 ایمبولینسیں استعمال کی گئیں۔

سوئس صدر گی پارملین نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور کہا کہ خوشی کے اس لمحے نے پورے ملک کے لیے سوگ کا روپ دھار لیا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ نے امکان ظاہر کیا کہ آگ آتش بازی کے باعث لگ سکتی ہے، تاہم اس پہلو کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

ٹیگز: