لاہور: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں میں سے 9 کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جبکہ انہیں آہوں، سسکیوں اور رقت آمیز مناظر کے درمیان سپردِ خاک کر دیا گیا۔
جاں بحق بچوں میں علی، دعا، ارتضیٰ، رمشا، عبداللہ، ایمان اور عروج فاطمہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حادثے کے بعد ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی، جبکہ غم سے نڈھال والدین اور لواحقین کے دل دہلا دینے والے مناظر نے ہر شخص کو افسردہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی 5 بچوں کی نمازِ جنازہ اور تدفین کچھ دیر بعد کی جائے گی۔ دوسری جانب متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔