مردم شماری کے ڈیٹا کا اعلان ایک سال بعد کیا جائے گا، چیف شماریات

مردم شماری کے ڈیٹا کا اعلان ایک سال بعد کیا جائے گا، چیف شماریات

اسلام آباد : چیف شماریات پی بی ایس آصف باجوہ نے کہا کہ ملک بھر میں قومی خانہ و مردم شماری کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا ہے، صرف چند علاقوں میں سکیورٹی اور موسمی حالات کی وجہ سے رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے دتہ خیل کے علاقے کے 113 بلاکس میں سکیورٹی کی وجہ سے جبکہ گلگت بلتستان کے 40 بلاکس میں خراب موسم کی وجہ سے خانہ و مردم شماری نہیں ہو سکی ہے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ جیسے ہی ان علاقوں میں حالات سازگار ہوئے وہاں مردم شماری کی ٹیمیں بھیج دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے ڈیٹا کو چار ماہ میں حتمی شکل دی جائے گی تاہم اس کے مکمل نتائج کا اعلان ایک سال بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے11 ماہ (جولائی تا مئی 2016-17) کے دوران کنزیومر پرائس انڈیکس پر مبنی افراط زر کی شرح میں 4.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مئی2017 ءمیں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں افراط زر کی شرح میں 5.02 فیصد جبکہ اپریل 2017 ءکے مقابلے میں 0.01 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے چیف شماریات آصف باجوہ نے جمعرات کو یہاں ماہوار افراط زر کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ مئی2017 میں ہول سیل پرائس انڈیکس میں 0.20 فیصد اضافہ اور ایس پی آئی میں 0.89 فیصد کمی ہوئی ہے۔

مئی 2016ءکے مقابلے میں مئی2017 ءمیں نان فوڈ اور نان انرجی کور انفلیشن 5.5 فیصد ریکارڈ کی گئی جو مئی 2015 ءکے مقابلے میں مئی 2016 ءمیں 4.6 فیصد تھی۔ اسی طرح مئی 2017 ءمیں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں جن اہم اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں آلو(70.09 فیصد)، ٹماٹر (59.28 فیصد)، کھیرا (43.05 فیصد)، سیب (8.19 فیصد)، آم (26.03 فیصد)، تربوز (24.45 فیصد) چائے (24.13 فیصد اور ثابت چنا (21.42 فیصد) شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جن اہم اشیاءکی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں دال ماش (24.48 فیصد)، دال مونگ (17.98 فیصد)، دال مسور (14.56 فیصد)، پیاز ( 9.58 فیصد)، چکن ( 7.4 فیصد)، چینی ( 6.82 فیصد)، مرچ پاوڈر ( 5.45 فیصد) اور دال چنا ( 5.32 فیصد) شامل ہیں۔