بریانسک: روس کے مغربی شہر بریانسک میں افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پل اچانک نیچے سے گزرتی ہوئی مسافر ٹرین پر گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث 6 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہو گئے۔
روسی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت پل پر ایک ٹرک موجود تھا اور عین اسی لمحے نیچے سے مسافر ٹرین گزر رہی تھی۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پل اور ریلوے لائن کے آس پاس کے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پل کی خستہ حالی یا ممکنہ تکنیکی خرابی اس المناک واقعے کی وجہ بن سکتی ہے۔