Get Alerts

یوکرین کا روس کے سائبیرین ائیر بیس پر حیران کن حملہ، جوہری ہتھیار لے جانے والے طیارے نشانہ

یوکرین کا روس کے سائبیرین ائیر بیس پر حیران کن حملہ، جوہری ہتھیار لے جانے والے طیارے نشانہ

ماسکو : یوکرین نے روس کے انتہائی دور افتادہ سائبیرین علاقے میں موجود ایک اسٹریٹجک ائیر بیس پر حملہ کر کے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیاروں کو نشانہ بنایا ہے، جسے اب تک کا روسی سرزمین پر طویل ترین فاصلے کا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ بیلیا ائیر بیس پر کیا گیا جو روسی صوبے ایرکٹسک کے شمال میں واقع ہے اور جنگی محاذ سے تقریباً 4,000 کلومیٹر دور ہے۔ اس حملے میں روس کے اسٹریٹجک بمبار طیارے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئے جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔

مذکورہ طیارے نہ صرف روایتی ہتھیاروں بلکہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہو کر طویل فاصلے تک حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تجزیہ کار اس حملے کو یوکرین کی عسکری صلاحیت میں ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو روسی دفاعی نظام کے لیے ایک چیلنج بن سکتی ہے۔

ابھی تک روس کی جانب سے اس حملے پر کوئی سرکاری ردعمل جاری نہیں کیا گیا، تاہم اگر یوکرین کی جانب سے حملے کی تصدیق ہوتی ہے، تو یہ روسی فضائی حدود میں گہرائی تک ایک بڑی دراندازی شمار کی جائے گی۔

 
 

ٹیگز: