کیلیفورنیا :دنیا کے معروف سرچ انجن گوگل نے ایک نئی ایپ ’گوگل اے آئی ایج گیلری‘ جاری کی ہے جو صارفین کو اپنی اسمارٹ فونز پر مصنوعی ذہانت (AI) کے ماڈلز آف لائن استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، اس ایپ کی مدد سے صارفین مختلف AI ماڈلز ڈاؤن لوڈ کر کے انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی تصاویر تخلیق کرنے، سوالات کے جواب دینے، کوڈ لکھنے اور ترمیم کرنے جیسے کام کر سکیں گے۔ یہ خصوصیت خاص طور پر ان افراد کے لیے مددگار ہے جو آن لائن رہنے کی صورت نہیں رکھتے یا اپنی ذاتی معلومات کو کلاؤڈ پر بھیجنے سے گریز کرتے ہیں۔
ایپ کا ایک اہم فیچر ’پرومپٹ لیب‘ ہے، جو صارفین کو متن کا خلاصہ بنانے، اسے دوبارہ لکھنے اور دیگر متنوع کاموں کے لیے ٹیمپلیٹس اور سیٹنگز فراہم کرتا ہے تاکہ ماڈلز کے طرزِ عمل کو اپنی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جا سکے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ ماڈلز کی کارکردگی صارف کے ڈیوائس کی ہارڈویئر صلاحیتوں پر منحصر ہوتی ہے۔ جدید اور طاقتور ڈیوائسز پر ماڈلز تیزی سے کام کرتے ہیں، جبکہ بڑے ماڈلز کو مکمل کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
یہ ایپ گوگل کی گٹ ہب ریپوزٹری سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے اور فی الحال ’ایکسپیریمنٹل الفا ریلیز‘ کے طور پر دستیاب ہے۔ گوگل نے ڈویلپر کمیونٹی سے اس ایپ کے تجربے پر فیڈبیک دینے کی درخواست کی ہے۔
ابھی یہ ایپ صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی اسے آئی او ایس صارفین کے لیے بھی جاری کیا جائے گا۔