پاکستان کی مدد کے بغیر امریکہ طالبا ن معاہدہ ممکن نہیں تھا،شاہ محمود قریشی

 پاکستان کی مدد کے بغیر امریکہ طالبا ن معاہدہ ممکن نہیں تھا،شاہ محمود قریشی


دوحہ:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مدد کے بغیر امریکہ طالبا ن معاہدہ ممکن نہ تھا۔

معاہدے میں کوئی سقم نہیں، معاہدہ پانچ منٹ میں نہیں ڈیڑھ سال میں طے ہوا۔دنیا میں جو بھی دہشت گردی ہوتی ہے اس کی ساری ذمہ داری طالبان پر نہیں ڈالی جاسکتی۔ افغان طالبان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر یہ دن ممکن نہ تھا، پاکستان کے کردار کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے لے کر جتنے وزراء خارجہ آئے ہوئے تھے انہوں نے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف بھی کی ہے اور اعتراف بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو ساری دہشت گردی ہوتی ہے اس کی ساری ذمہ داری طالبان پر تونہیں ڈالی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ داعش بھی موجود ہے اور ان کا راستہ الگ ہے ،طالبان نے یہ ذمہ داری قبول کی ہے کہ وہ اپنی سرزمین افغانستان کو کسی منفی مقصد کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے اور کسی دہشت گرد تنظیم کو وہاں پنجہ گاڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا  کہ ہمارے سب سے اچھے تعلقات ہیں، امریکہ کے ساتھ آج پاکستان کے تعلقات اتنے بہترہوچکے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی سرزمین پر کھڑے ہو کر اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور عمران خان میرے دوست ہیں۔