عالمی وبا، برطانیہ سمیت 15 ممالک کے شہریوں کے پاکستان آنے پر پاپندی برقرار

عالمی وبا، برطانیہ سمیت 15 ممالک کے شہریوں کے پاکستان آنے پر پاپندی برقرار
کیپشن: عالمی وبا، برطانیہ سمیت 15 ممالک کے شہریوں کے پاکستان آنے پر پاپندی برقرار
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں، چارٹرڈ اور ذاتی جہاز  رکھنے والوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی۔

سی اے اے نے کیٹیگری اے میں شامل ممالک کی تعداد 24 سے کم کر کے 15 کر دی ہے جبکہ کیٹیگری سی کے ملکوں سے آنے والے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی اے اے کے مطابق نئی ایڈوائزری 14 مارچ تک نافذالعمل رہے گی۔

سی اے اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹیگری اے میں شامل ممالک کے پاکستان آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ ہو گا جن میں چین، سعودی عرب، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھوٹان، میانمار، نیپال، ویتنام اور جنوبی کوریا سمیت دیگر شامل ہیں۔ کیٹیگری بی ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پاکستان سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹیگری سی کے ملکوں سے آنے والے مسافروں پر پاکستان آنے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اِن ملکوں کے شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا۔ کیٹیگری سی میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل، کینیا سمیت 15 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔