اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تاریخ بتادی ہے۔ کہتے ہیں 15 مارچ سے پہلے تحریک عدم اعتماد آجائے گی۔ ہو سکتا ہے اگلے ہفتے ہی آجائے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتیں لانگ مارچ سے نہیں گرتیں اس کا ایک طریقہ کار ہوتی ہے۔ مسائل کا حل نئی حکومت میں نہیں ۔ عوام کے پاس جا کر نیا مینڈیٹ لینے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ٹف ٹائم مل رہا ہے اسی لیے وزیر اعظم عمران خان چودھری برادران کے در پر گئے ۔ حکومت کے اپنے ایم این ایز ان کے ساتھ نہیں ہیں انہیں ڈر ہے اتحادی بھی ساتھ نہ چھوڑ دیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ نیب میں خرابیاں ہیں ۔ نیب قانون کو مکمل طور ختم کردینا چاہیے۔ حکومت میں آتے ہی نیب کو ختم کردیں گے۔
اپوزیشن کی طرف سے ق لیگ کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش کے سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 7 سیٹوں پر ق لیگ کو وزارت اعلیٰ نہیں دے سکتے۔