Get Alerts

ایران کا خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ، متعدد ممالک کی شدید مذمت

ایران کا خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ، متعدد ممالک کی شدید مذمت

تہران : ایران نے خلیجی ممالک میں موجود 14 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جس میں سیکڑوں امریکی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، یہ حملے متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب میں واقع امریکی اڈوں پر کیے گئے۔

ان حملوں کے بعد، ان ممالک نے نہ صرف ایران کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے بلکہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کویت کی وزارتِ دفاع کے مطابق، ایران نے علی السلیم ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔ البتہ ایئرپورٹ کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے، مگر اس حملے سے فوجی آپریشنل صلاحیت یا جنگی تیاری پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایران کے داغے گئے میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم، میزائلوں کے ملبے گرنے سے ایک پاکستانی شخص کی جان چلی گئی۔

سعودی عرب نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ریاض اور ملک کے مشرقی علاقے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، مگر سعودی فضائی دفاعی نظام نے ان میزائلوں کو ناکام بنا دیا۔ سعودی حکام کے مطابق، اس حملے میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

قطر نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں، جس کی وجہ سے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں معطل ہوگئیں۔

بحرین نے بھی ایران کے میزائل حملوں پر سائرن کے ذریعے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ ایران نے بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم کسی مالی یا جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اردن اور شام نے بھی ایران کے ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، اور دونوں ممالک نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے قومی سلامتی کے خلاف مزید اقدامات کیے تو انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔

ٹیگز: