آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی اوبر کی پاکستان میں سروسز بند

آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی اوبر کی پاکستان میں سروسز بند

آن لائن ٹیکسی سروس کمپنی Uber (اوبر) نے پاکستان میں اپنی سروسز بند کر دیں۔

Uber کے ترجمان نے بتایا کہ”ہم نے پاکستان میں Uber ایپ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے“۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں Uber نے کراچی، ملتان، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں آپریشن بند کر دیا تھا۔ اس نے پانچ شہروں میں کریم کے ذریعے اور لاہور میں اوبر ایپ کے ذریعے کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد آن لائن ٹرانسپورٹ ایپ اوبر صرف لاہور میں دستیاب تھی۔

ترجمان نے مزید کہا، ”ہمارا ذیلی برانڈ کریم کام کرتا رہے گا، کریم ایپ کے ساتھ پاکستان بھر میں رائیڈ ہیلنگ سروسز اور ڈرائیوروں کے لیے کمائی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔“

یاد رہے کہ 2019 میں Uber نے اپنے حریف کریم کو 3.1 بلین ڈالر میں حاصل کیا تھا۔ دونوں کمپنیوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی متعلقہ علاقائی خدمات اور آزاد برانڈز کا کام جاری رکھیں گے۔

آج لاہور میں صارفین کو بھیجی گئی ایک ای میل میں، Uber نے کہا کہ اس نے ”30 اپریل سے لاہور میں Uber ایپ سروسز کو مزید پیش نہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے“۔

ای میل میں لکھا گیا ہے کہ”ہمارے ذیلی برانڈ کریم کے ذریعے رائیڈ ہیلنگ کی خدمات پیش کی جاتی رہیں گی اور آپ کے پاس سائن اپ کرنے اور کریم پر سفر کی درخواست کرنے کا اختیار ہو گا تاکہ ایک ہموار تجربہ ہو۔“

لاہور کے صارفین جنہوں نے ایپ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی ان سے یہ پیغام ملا: ”Uber اب لاہور میں نہیں“۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دیگر آن لائن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ایپس موجود ہیں جن سے صارفین بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں