میرپور خاص:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مشن سندھ کی زمین، وسائل اور دریاؤں کا تحفظ تھا، اور ہم نے عوام کے تعاون سے اسے کامیابی سے پورا کر لیا ہے۔
میرپور خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں کچھ عناصر نے ہمارے امیدوار کو ناکام بنانے کی کوشش کی، لیکن یہاں کے باشعور عوام نے ان تمام کوششوں کو ناکام بنایا اور بھرپور حمایت سے واضح پیغام دیا کہ وہ صرف پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوام نے مل کر جمہوریت کو زندہ رکھا، آمریت کو چیلنج کیا اور مزدوروں کو ان کے آئینی حقوق دلوائے۔ انہوں نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد آج بھی مشعل راہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جب نئے نہری منصوبے کا اعلان ہوا تو وہی پرانے مخالفین خوشی منانے لگے، جیسے ہم اصولوں سے ہٹ جائیں گے، مگر ہم نے ہر موقع پر عوامی مفادات کا تحفظ کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عبوری حکومت میں کیے گئے متنازع فیصلوں، جیسے کہ ایکنک کا نیا کینال منصوبہ اور ارسا کی گمراہ کن رپورٹ، کا ہماری قیادت نے سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے بتایا کہ جام خان شورو نے اقتدار سنبھالتے ہی سندھ کا مؤقف ہر سطح پر مضبوطی سے پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں صدر آصف زرداری نے واضح اعلان کیا کہ نئے نہری منصوبے وفاق کی وحدت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں، اس لیے ان پر عمل درآمد ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالف جماعتوں نے ان کے خلاف شور تو کیا مگر خود اصل منصوبہ سازوں کے سامنے خاموش رہے۔
آخر میں، بلاول بھٹو زرداری نے وکلا، سول سوسائٹی اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اجتماعی طور پر سندھ اور سندھو دھرتی کو بچا لیا، اور یہی ہماری اصل کامیابی ہے۔