پشاور/اسلام آباد : معرکہ حق کی پہلی سالگرہ جہاں بڑے پیمانے پر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، وہاں وطنِ عزیز کے ننھے بچوں نے بھی اپنے منفرد اور دل چھو لینے والے انداز میں اپنی فوج اور مٹی سے محبت کا اظہار کیا ہے۔ مستقبل کے ان سالاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ قلم اور کتاب کے ذریعے اس وطن کی حفاظت کریں گے۔
مختلف تعلیمی اداروں میں منعقدہ تقریبات کے دوران بچوں نے "بنیان مرصوص" کے عنوان سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض بچے نہیں بلکہ اس وطن کی شان اور مستقبل کے محافظ ہیں۔ بچوں کے مشترکہ پیغام نے حاضرین کے دل جیت لیے، "ہم کتاب اٹھائیں گے اور وطن کی خدمت کا وعدہ نبھائیں گے۔ ہم امن کے پھول ہیں اور پوری دنیا میں محبت پھیلائیں گے۔
ننھے طالب علموں نے 7 مئی کے معرکے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہماری فوج نے دشمن کا مقابلہ کیا، وہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ بچوں کا کہنا تھا "ہماری ہمت روشن ہے اور ہمارا ارادہ فولاد کی طرح مضبوط ہے۔"ہم سب مل کر کہتے ہیں: پاکستان ہمیشہ زندہ باد!"
بچوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر دنیا کو یہ بتائیں گے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے، لیکن اپنے دفاع سے کبھی غافل نہیں رہتی۔ اساتذہ اور والدین کا کہنا ہے کہ بچوں میں پایا جانے والا یہ شعور اور فوج کے ساتھ محبت اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
تقریب کے اختتام پر بچوں نے قومی پرچم لہرا کر پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔