اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 2 سے 4 مئی کے دوران آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک نیا مغربی ہواؤں کا سلسلہ 2 مئی کی رات سے ملک میں داخل ہوگا جو 5 مئی تک اثرانداز رہے گا۔ اس دوران خیبر پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2 اور 3 مئی کے دوران سندھ کے اضلاع دادو، لاڑکانہ، سکھر اور جیکب آباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزور یا کھلے ڈھانچوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔